ہوناور،25؍ جنوری (ایس او نیوز) بھٹکل اسمبلی حلقہ میں کووڈ وبا میں مبتلا ہوکر جو افراد فوت ہوئے تھے ان کے گھر والوں کو سرکاری معاوضہ تقسیم کرنے کا سلسلہ رکن اسمبلی سنیل نائک نے شروع کیا ہے ۔ پچھلے دنوں بھٹکل تعلقہ کے افراد کو معاوضہ تقسیم کرنے کے بعد اب ہوناور تعلقہ کے 21 گھرانوں کو سرکاری امداد تقسیم کی گئی۔
متاثرہ خاندان کے بینک اکاونٹ میں فی کس 50 ہزار روپے جمع کروانے کے بعد اب مزید فی کس ایک لاکھ روپے کا چیک تقسیم کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس مرتبہ چیک تقسیم کرنے کا جو پروگرام منعقد ہوا ہے ، یہ ایک دکھ اور غم بھرا پروگرام ہے ۔ میں بھگوان سے دعا کرتا ہوں کہ ایسی صورت حال پھر دوبارہ کبھی میرے حلقہ میں نہ آئے اور نہ ہی ہمارے دیش کے لوگوں پر ایسی آفت آئے ۔ کووڈ کی وجہ سے بہت سارے لوگوں نے اپنوں کو کھویا ہے ۔ میں اور میری حکومت دونوں ان کے ساتھ کھڑے ہیں ۔ یہی پیغام دینے کے لئے فوت ہوئے افراد کے خاندان والوں کو یہ امداد فراہم کی جارہی ہے ۔
چیک تقسیم کرنے سے قبل ایک منٹ تک خاموشی کے ساتھ کھڑے ہوکر مرنے والوں کی روح کی شانتی کے لئے دعا کی گئی۔
اس موقع پر سنیل نائک نے کہا کہ ہماری اپیل پر اُس وقت کے وزیر اعلیٰ بی ایس ایڈی یورپا نے کووڈ میں فوت ہونے والوں کے لئے امداد منظور کی تھی اور اب موجودہ وزیر اعلیٰ بومئی نے رقم جاری کی ہے ، اس کے لئے میں دونوں کا ممنون ہوں۔